مخالفت میں لکھنے پر حملہ کیا، کالعدم تحریک طالبان کا ملالہ کو خط

Bannu

Bannu

بنوں (جیوڈیسک) جیل سے فرارہونے والے طالبان کمانڈر عدنان رشید نے ملالہ یوسفزئی کے نام خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے ملالہ پر حملہ تعلیم کے لیے آواز اٹھانے پر نہیں بلکہ طالبان کے خلاف لکھنے پر کیا گیا۔ عدنان رشید نے ملالہ کے نام خط میں لکھا ہے طالبان کبھی خواتین کی تعلیم کے خلاف نہیں رہے۔ طالبان نے ملالہ پر حملہ سکول جانے یا تعلیم کی بات کرنے پر نہیں کیا۔

اس کے بجائے ملالہ کی طالبان مخالف تحریریں ان پر قاتلانہ حملے کا باعث بنیں۔ ملالہ کی تحریروں کے باعث سوات میں اسلامی نظام کے قیام کی کوششوں کو نقصان پہنچا۔ خط میں لکھا ہے صرف طالبان ہی سوات میں سکولوں کو تباہ کرنے میں ملوث نہیں بعض سرکاری اداروں کے اہلکار بھی سکولوں کو بم سے اڑاتے رہے ہیں۔

عدنان رشید نے لکھا ہے یہ خط ان کی ذاتی رائے ہے اسے تحریک طالبان کی پالیسی نہ سمجھا جائے۔ ان کا کہنا ہے ملالہ پر حملے کی خبر سن کر انہیں بے حد افسوس ہوا وہ جیل سے خط لکھ کر ملالہ کو تحریروں سے باز رکھنا چاہتے تھے مگر ایسا ممکن نہ ہو سکا۔