فیصل آباد کی خبریں 30/07/2016

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد : انجمن تاجران سٹی الائیڈ گروپ کے صدر چوہدری پرویز اقبال کموکا ‘ چیئرمین چوہدری ظفر اقبال سندھو ‘ جنرل سیکرٹری میاں تنویر ریاض ‘ سینئر نائب صدر طارق محمودقادری ودیگر عہدیداران رانا خالد محمود ‘شیخ زاہد محمود ‘ چوہدری عبدالحمید ‘ مرزا دائود ابراہیم ‘ ملک اکبر حیات ‘ میاں عابد ‘ رانا عبدالحمید ‘ شکیل عابد بھٹی اور عرفان منج نے کہا ہے کہ سستے بجلی منصوبوں کو نظر انداز کرکے مہنگے بجلی منصوبے صنعتی مفاد کے خلاف ہیں’ پن بجلی منصوبوں میں کالاباغ ڈیم بننے سے لوڈشیڈنگ ختم اورمعیشت مضبوط ہوگی حکومت کالاباغ ڈیم پر اتفاق رائے پیدا کرے اورسیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرے کیونکہ کالاباغ ڈیم سے ہی سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ رہاجاسکتا ہے نیز سیلابی پانی کو ذخیرہ کرکے سارا سال زراعت کے لیے استعمال میں لایا جاسکتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ کالاباغ ڈیم کوچھوڑکر مہنگے ذرائع سے پیدا کی جانے والی مہنگی بجلی عوام و کاروباری برادری پر غیر ضروری اضافی بوجھ ہے۔مہنگی بجلی کے باعث اشیاء کی پیداواری لاگت میں اضافہ اورملکی برآمدات میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے جس سے صنعتی شعبہ متاثر ہو رہا ہے اورصنعتکار بھی پریشانی کا شکار ہیں۔

فیصل آباد : مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ میاں محمد نوازشریف نے راجہ فاروق حیدر کو وزیراعظم آزاد کشمیر بنوا کر حقیقی کشمیریوں کا دل خوش کردیا ہے کیونکہ اس سے قبل دو وزیراعظم مہاجر تھے مگر مسلم لیگ (ن) کے نامزد وزیراعظم نہ صرف کشمیری بلکہ آزاد جموں و کشمیری کے رہائشی ہیں اوروہ وادی کو درپیش مسائل بارے بھی آگاہی رکھتے ہیں ‘ امید ہے وہ اپنے قائدین شریف برادران کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تیز رفتار ترقی کی پالیسی کو اختیار کرکے اس جنت نظیر وادی کو مزید خوبصورت اور جدید ترین بنانے میں بہترین کردار ادا کریں گے ‘ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا یہاں کے الیکشن کے نتائج تسلیم نہ کرنے کااعلان دراصل کھیسانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے ‘ زرداری اور ان کے صاحبزادے بلاول کو معلوم ہے کہ وہ 4 سال سے آزاد کشمیراور 8 برسوں میںسندھ کے عوام کو کچھ بھی ڈلیور نہ کر سکے ہیں ‘ اسی لیے تو آزاد کشمیر میںانہیں عبرت و شرم ناک شکست ہوئی جبکہ سندھ میںان کو ”باباسائیں” کو ایوان اقتدار سے باہر نکالنا پڑا اوراس کی جگہ نوجوان 56 سالہ شاہ لانا پڑا ‘ پیپلزپارٹی پہلے اپنی ناکامیوں کاتو اعتراف کرے پھرنتائج تسلیم کرنے یا نہ کرنے بارے کوئی فیصلہ کریں فی الحال عوام نے مسلم لیگ (ن) کو کاندھوں پر بٹھا لیا جبکہ پیپلزپارٹی کو چلے ہوئے کارتوسوں کی پیٹی میں پھینک دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر اسد معظم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی احتساب تحریک بارے عوام میں پایا جانے والا جوش و خروش دیدنی ہے’ عمران خان نے تحریک کے لیے 7 اگست کی کال دی ہے مگرعوام اس سے قبل ہی سڑکوں پر آنے کے لیے تیار کھڑے ہیں ‘ عوام کا موڈ دیکھتے ہوئے ہی تو میاں نوازشریف ان ہائوس تبدیلی کا موڈ بنا رہے ہیں ‘ نوازشریف کی خواہش ہے کہ وہ خود صدر مملکت اور مریم نوازیا شہباز شریف وزیراعظم جبکہ حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب بن جائے تاکہ وہ وطن عزیز کے سیاہ و سفید کے مالک بن کر خوب لوٹ مار کریں اورقومی خزانے کو شیر مادر سمجھ کر ہڑپ کر جائیں مگر ہم ان کو خبردار کرنا چاہتے ہیں ‘ 7 اگست کو شروع ہونیوالی تحریک ان کے اقتدار کے ایوانوں کی چولیں تک ہلا دے گی ‘ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے جس بیدردی کے ساتھ اس ملک کیساتھ کھلواڑ کیا ہے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی’ پہلے اکیلے ہی لوٹتے تھے مگراب سمدھی اور دیگر حواریوں کو بھی ساتھ ملا لیا ہے تاہم وہ یاد رکھیں اب اُن کی لوٹ مار کے دن گنے جا چکے ہیں’ عوام اب انہیں جیسے بھی ممکن ہوا گھر بھجوا کر ہی چھوڑیں گے کیونکہ یہ عمران خان کا خواب ہے جو انشاء اللہ ضرور پورا ہوگا۔