اختیارات کا ناجائز استعمال سب انسپکٹر نے شہریوں کا جینا حرام کردیا

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) اختیارات کا ناجائز استعمال سب انسپکٹر نے شہریوں کا جینا حرام کردیا۔ ایس ایچ او نے بے لگام سب انسپکٹر کیخلاف عوامی شکایات کے باوجود صورتحال بہتر بنانے کی طرف کوئی توجہ نہ دی۔ شہریوں کا ،وزیراعلیٰ پنجاب،آئی جی پنجاب اور آر پی او گوجرانو الہ سے صورتحال کا فوری نوٹس لیکر قانون ہاتھ میں لینے والے سب انسپکٹر کو نوکری سے فارغ کرنے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی وزیرآباد میں تعینات سب انسپکٹر محمد منشاء نے ایک عرصہ سے علاقہ میں انت مچا رکھی ہے سرشام شہر کے مختلف علاقوں میں ناکہ لگا کر شریف شہریوں کی عزتیں اچھالنا شروع کردیتا ہے۔ وزیرآباد کے معززین نے بتایا کہ متذکرہ سب انسپکٹر شام کے بعد اپنے ساتھی اہلکاروں کے ہمراہ بازار میں آتا ہے اور محنت مزدوری کی غرض سے دن بھر بازار میں پھرنے والوں کو سامان سمیٹنے کا بھی موقع نہیں دیتا ۔شریف شہریوں کو گالی گلوچ کرنے کے علاوہ چھابڑی فروشوں کی سبزیاں پھل الٹا دیتا اور غرباء پر تشدد سے بھی گریز نہیں کرتا۔

اپنی پرائیویٹ گاڑی پر آتا اور اسے شہر کے مختلف چوکوں چوراہوں میں بیچ سڑک کھڑی کرکے خودساختہ ناکہ لگا کر کھڑا ہوجاتا ہے اور ہر آنے جانے والے شہری کو روک کر ان کی تلاشیاں شروع کردیتا ہے ۔ موٹر سائیکل سواروں کو کاغذات کے بہانے ذلیل وخوار کرتا ہے ۔سب انسپکٹر منشاء کو نا توشرفا کی عزت کاخیال اور نہ ہی خواتین کا لحاظ، بلاوجہ چیکنگ کے دوران خواتین کو گاڑیوں سے اتارنا اور موبائل چیک کرنا اس نے معمول بنا لیا ہے۔

شہریوں کی طرف سے احتجاج پر انہیںفرعونیت بھرے لہجہ میں حوالات بند کرنے کی دھمکیاں دیتا ہے۔ متذکرہ سب انسپکٹرکے ناروا سلوک سے عوام عاجز آگئے ہیں۔ عوامی ،سماجی حلقوں میں سب انسپکٹر منشاء کے طرز عمل کی وجہ سے شدید تشویش کی لہرپیداہوگئی ہے شہریوںنے وزیر اعلیٰ پنجاب ،آئی جی پنجاب اور آر پی او گوجرانو الہ سے صورتحال کا فوری نوٹس لیکر قانون ہاتھ میں لینے والے سب انسپکٹر کو نوکری سے فارغ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔