لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے بعض مقامات پرتاخیر ہوئی ہے لیکن اورنج لائن میٹروٹرین پر تیزی سے کام کرنے کی بھرپور کوشش جاری ہے تاہم چین کی جانب سے ملنے والی ایک ایک پائی کوامانت سمجھ کر استعمال کیا جارہا ہے۔
اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ عام آدمی کو سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کہتے ہیں منصوبہ فن تعمیر ، شفافیت اور اعلیٰ معیار کا عظیم شاہکار ہو گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے بیجنگ میں چائنہ ریلوے نورینکو کے صدر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ عام آدمی کا منصوبہ ہے ، منصوبے نے ٹرانسپورٹ کے نئے کلچر کی بنیاد رکھ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ پاک چین دوستی ، محبت اور خلوص کا غیر معمولی تحفہ ہے ۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں چین کے تعاون سے کئی منصوبے لگ رہے ہیں ، پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون سے عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔