کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کہتے ہیں کہ اورنگی ٹاؤن میں مظاہرین پر براہ راست گولیاں چلائی گئیں، مقدمہ پولیس اہلکاروں کے خلاف درج نہ ہوا تو عدالت جائیں گے۔
ایم کیوایم پاکستان کے وفد نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گزشتہ روز فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اصغرامام کے گھر جاکر تعزیت کی۔
فیصل سبزواری سمیت اراکین اسمبلی کی علاقے میں آمد پر مکینوں نے شکایات کے انبار لگا دئیے۔
میڈیا سے گفتگو میں فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ اگر احتجاج کرنے سے ہی عوام کے مسائل حل ہوں گے تو ایم کیو ایم پاکستان عوام کے ساتھ سڑکوں پر ہوگی، اصغرامام کے قتل کا مقدمہ پولیس کے خلاف درج کیا جائے۔
علاوہ ازیں سہون کے دورے کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ سندھ میں دہشت گردوں کے سہولت کار موجود ہیں۔
انہوں نے رینجرز کی مدد سے پورے صوبے میں آپریشن شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔