کراچی(جیوڈیسک) کراچی کے اورنگی ٹان گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی سے علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا جبکہ حب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی بندش سے شہر کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔کراچی میں ایک جانب کے ای ایس سی کی جانب سے طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب حادثات نے شہریوں کو مزید اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔
اورنگی ٹان کے علاقے میں رات گئے اورنگی ٹان گرڈ اسٹیشن کے ٹرانسفارمر نمبر دو میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث اورنگی ٹان کا بیشتر علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ آتشزدگی کی وجہ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کو قرار دیا جارہا ہے۔ بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث علاقہ مکین شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے اور گھروں سے باہر نکل آئے۔
فائر بریگیڈ حکام ساری صورتحال سے لاعلم رہے اور کے ای ایس سی کے عملے نے اپنی مدد آپ کے تحت بیس منٹ میں آگ پر قابو پا لیا۔ دوسری جانب حب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے پانی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔