اورنگی ٹاؤن، مدرسہ بم دھماکے میں زخمی ایک اور طالبعلم چل بسا

Madrasa

Madrasa

کراچی (جیوڈیسک) اورنگی ٹائون میں واقع مسجد کے مدرسے میں ہونے والے بم دھماکے میں زخمی ہونے والا ایک اور طالب علم دوران علاج دم توڑ گیا، دھماکے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 4 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو اورنگی ٹائون سیکٹر F-4 مومن آباد اگرور کالونی میں واقعے طاہری مسجد کے اندر قائم جامعہ اسلامیہ طاہریہ میں ہونے والے دھماکے میں زخمی 9 سالہ اسماعیل ولد بخت نواز گزشتہ روز دوران علاج دم توڑ گیا۔

مقتول بچہ فرنٹیئر کالونی شیر خان آباد اگرور کالونی کا رہائشی تھا جبکہ 3 بھائیوں اور ایک بہن میں دوسرے نمبر پر تھا ، مقتول کا بڑا بھائی ابراہیم بھی مسجد میں ہونے والے بم دھماکے میں زخمی ہوا وہ عباسی شہید اسپتال میں زیر علاج ہے جہاں اس کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

مقتول کے والد کی لسبیلہ کے قریب لیتھ مشین کی دکان ہے ، اسماعیل کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر طاہریہ مسجد میں ادا کی گئی نماز جنازہ میں علاقہ مکین بھی شریک ہوئے جس کے بعد اس کی میت اورنگی ٹائون 4نمبر کے قریب قبرستان لے جائی گئی جہاں اسماعیل کو سپرد خاک کردیا گیا۔

مقتول کے رشتے دار نے کہ مقتول محمد اسماعیل ناظرہ کی تعلیم حاصل کر رہا تھا اور ناظرہ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اسے حافظ قران بنانا تھا،مسجد میں بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 10 سالہ سلمان ولد رحم دل کی نماز جنازہ بھی طاہریہ مسجد میں ادا کی گئی مقتول محمد سلمان کو بھی میٹروول قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ،علاقے میں غم کی فضا چھائی رہی۔