اورنگی ٹاؤن میں مسجد کے قریب دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 5 افراد زخمی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مسجد کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد افرد زخمی ہو گئے، قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی۔ پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ ڈھائی نمبر میں مصطفیٰ مسجد کے قریب زور دار دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے، زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز گلشن اقبال، حسن اسکوائر، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، گولیمار، ایف بی ایریا سمیت کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی، واقعے کے بعد پولیس اور فورسز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زور دار دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، رکشہ اور موٹر سائیکل تباہ ہو گئی، جبکہ کئی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ پولیس نے دھماکے کی نوعیت سے متعلق تحقیقات شروع کر دی، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کے مقام پر ایک رکشہ کھڑا تھا اس میں دھماکا خیز مواد ہو سکتا ہے۔