کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گذشتہ دنوں رینجرز موبائل پر ہونے والے دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق دھماکا کرنے والا دہشت گرد خود بھی زخمی ہوا تھا، دہشت گرد موٹرسائیکل کھڑی کرکے موبائل مارکیٹ میں چلا گیا تھا اور اس نے موبائل مارکیٹ سے ہی ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیا اورخود بھی زخمی ہوا۔
حکام کے مطابق دہشت گرد دھماکے میں زخمی ہونے کے بعد لفٹ لےکر فرار ہوا، اس نے اورنگی ٹاؤن 5 نمبر پر ہی ایک موٹرسائیکل سوارسے لفٹ لی اور وہاں سے فقیر کالونی کی جانب گیا جہاں سے وہ فرار ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق زخمی دہشت گرد کسی بھی اسپتال میں علاج کروانے نہیں گیا، تحقیقاتی اداروں نے مزید سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کر لی ہیں۔
خیال رہے کہ 15 مارچ کو اورنگی ٹاؤن کے علاقے 5 نمبر میں رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار شہید ہوگیا جبکہ 2 اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوئے تھے۔