اسلام آباد (جیوڈیسک) لیکشن کمیشن نے لاہور کے حلقہ پی پی 150 میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا، تین دن میں دوبارہ گنتی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت۔ الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کی جانب سے دھاندلیوں کی شکایات پر از خود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت تحریک انصاف نے وکیل نے موقف اخیتار کیا کہ پی پی 150 کے انتخابات کی تیاری میں کھلی دھاندلی کی گئی۔
رزلٹ ترتیب دیتے وقت ن لیگ کے امیدوار کے ووٹ زیادہ لکھے گئے، 59 کو 159 ووٹ لکھا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران سماعت تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن پر بھی دھاندلی کے الزامات عائد کیے۔ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے ایک ممبر پر ایک سیاسی جماعت کی کھلی حمایت کا بھی الزام لگایا۔
الیکشن کمیشن نے دلائل سننے کے بعد پی پی 150 لاہور میں ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قررا دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ ووٹنگ کا عمل تین دن میں مکمل کیا جائے۔ واضح رہے کہ پی پی 150 لاہور سے ن لیگ کے میاں مرغوب نے کامیابی حاصل کی تھی۔ تحریک انصاف نے اس حلقے میں دھاندلی کے الزامات لگا کر مظاہرے بھی کیے۔ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے دھاندلی کے الزامات پر نوٹس لیا تھا۔