اسلام آباد (جیوڈیسک) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کو ادارہ جاتی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کوآگے آنے اور بہتر کھیل پیش کرنے کا موقع ملے‘ حکومت توانائی کے مسائل پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے‘ بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے قومی گرڈ میں 22 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہو گا۔
اتوار کو صدر پاکستان نے گولڈ میڈل گالف چیمپئن شپ 2014 ء کی تین روزہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے کھلاڑیوں کی بہترین تربیت کیلئے عصر حاضر کی تکنیکوں اور میکنزم کو بھی استعمال میں لانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل افراد اور معاشرہ کی تعمیر کیلئے اہم کردار ادا کرتا ہے اور بہت سے کھیلوں میں کھلاڑیوں کی انفرادی اور اجتماعی بہترین کار کردگی کی بہت سی مثالیں ہیں۔
صدر نے کہا کہ گالف کا کھیل ملک میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور بڑے کھیلوں میں شامل ہو رہا ہے اور اس کھیل میں بعض معروف کھلاڑیوں نے اپنا نام پیدا کیا، جنہیں چاہئے کہ وہ گالف کے کھیل کی تکنیکیں نوجوان کھلاڑیوں کو منتقل کریں تاکہ انہیں قومی اور عالمی سطحوں پر اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مدد دی جاسکے۔
صدر مملکت نے شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر اسلام آباد گالف کلب کے صدر اور منیجنگ کمیٹی کو مبارکباد دی۔ صدرمملکت نے کہا کہ حکومت کی انتھک کوششوں کی بدولت اقتصادی اعشاریوں میں مثبت اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے یورو بانڈ کے کامیاب اجراء کا بھی حوالہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری سمیت ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے مسائل پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے اور بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے قومی گرڈ میں 22 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہو گا۔ بعد ازاں صدرمملکت نے انعامات تقسیم کئے۔