کراچی (جیوڈیسک) وزیرصحت سندھ اویس مظفر نے کہا ہے کہ کراچی کے ادارہ برائے امراض قلب کی طرز پر اندرون سندھ مراکز قائم کیے جائیں گے، کورنگی میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ قومی دارہ برائے امراض قلب کی پچاس سالہ تقریب کے موقع پروزیر صحت سندھ اویس مظفر نے ادارہ برائے امراض قلب میں چالیس بستروں پر مشتمل چائلڈ سرجری اور آئی سی یو یونٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ذرائع سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں بچوں کی سرجری کیلئے ایک بلین روپے کی لاگت سے علیحدہ اسپتال بھی قائم کیا جائے گا۔
یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ برائے امراض قلب طرز پر میرپور خاص، سکھر سمیت سندھ کے دیگر اضلا میں بھی مراکز قائم کیے جائیں گے، جس کی ادارہ برائے امراض قلب معاونت کرے گی۔ وزیرصحت سندھ اویس مظفر نے گذشتہ رات کورنگی دھماکے میں زخمی فوجی جوانوں کی پی این ایس شفا میں عیادت کی۔اس موقع پران کا کہنا تھا کہ کورنگی میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جانا انتہائی افسوسناک ہے، پاکستان پیپلزپارٹی بھی دہشت گردی کا شکار ہے ہم دہشت گردی کی مذمت کرتے رہیں گے۔