اسلام آباد (جیوڈیسک) گزشتہ عام انتخابات میں منظم دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے انکوائری کمیشن کا اجلاس آج پھر ہوگا۔ چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں قائم 3رکنی جوڈیشل کمیشن کی کارروائی سپریم کورٹ میں جاری رہے گی۔
گزشتہ کارروائی میں تحریک انصاف کے وکیل عبد الحفیظ پیرزادہ نے سابق الیکشن کمشنر پنجاب محبوب انور پر جرح کی۔ اس دوران محبوب انور نے تصدیق کی کہ پنجاب سے قومی اسمبلی کے 8حلقوں میں الیکشن کمیشن نے ریٹرنگ آفیسرز کی ڈیمانڈ سے زیادہ بیلٹ پیپرز چھپوائے تھے۔
کارروائی کے بعد عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے داماد کیپٹن صفدر، حمزہ شہباز اور سعد رفیق سمیت دیگر وی آئی پی حلقوں میں اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے۔ منظم دھاندلی کا طریقہ سامنے آگیا ہے۔