لاہور : تحریک صراط مستقیم پاکستان کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں امام اعظم سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام اعظم ابو حنیفہ نعمان بن ثابت رضی اللہ تعالی عنہ قیامت تک آنے والی امت مسلمہ کے محسن ہیں۔
آپ نے وہ اصول وضع کئے جن سے نئے پیش آنے والے مسائل کا حل معلوم کیا جا سکتا ہے۔آپ صحابہ کرام کے بعد اُمت مسلمہ کے تمام علمی اور روحانی اماموں کے امام ہیں۔ آپ کی شخصیت ،کردار اورآپ کے عظیم علمی کارناموں کو خراج تحسین پیش کرتے کے لئے بالخصوص فقہ حنفی کے محاسن کو عیاں کرنے کے لئے 22 مئی کا جمعہ” یوم امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالی عنہ ”کے طور پر منایا جائے گا۔ اس موقع پرامام اعظم ابوحنیفہ کی فقہی بصیرت کے موضوع پر خطبات ہوں گے۔
سیمینار میں مولانا ابوالحسن محمد ندیم جیلانی ،مولانا مفتی محمد عبدالکریم جلالی ، مولانا محمد طاہر الحسن رضوی ، مولانا محمد ریاست جلالی ،مولانا محمد مرتضی علی ہاشمی ، مولانا محمد رضاء المصطفی رازی ،مولانا محمد مظہراقبال نورانی ،مولانا محمد احمد رضا قصوری ،مولانا محمد ارشد صدیقی ،مولانا محمد لطیف تو گیروی کے درجنوں علماء کرام نے شرکت کی۔