حقیقی جمہوری نظام کی تشکیل کیلئے تبدیلی ضروری ہے۔ مشرف

Karachi

Karachi

کراچی : بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور سیالکوٹ کے چارواہ سیکٹر کے سرحدی دیہاتوں اقنور، دہمالہ اور تلسی پور میں بھارتی فورسز کی جانب سے شدید فائرنگ وگولہ باری کی مذمت کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بھارت افواج پاکستان کے صبر کو آزمانے کی کوشش نہ کرے کیونکہ اگر محافظان پاکستان و اسلام کے ہاتھ سے صبر کا دامن چھوٹ گیا تو بھارت کو 1965ء سے زیادہ بری ہزیمت و شکست سے دوچار ہونا پڑجائے گا۔

اے پی ایم ایل کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید کے اعلامیہ کے مطابق پرویز مشرف نے کوہاٹ میں مسافر وین میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی تہواروں کے موقع پر دہشت گردی میں اضافہ اور دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام میں حکومتی ناکامی عوام کیلئے ایک سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے عالم اسلام اور پاکستانی عوام کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ رب العزت پاکستان کو ہر قسم کی دہشتگردی سے نجات دلاکر عوام کو ہر قسم کے جانی و مالی نقصان سے محفوظ فرمائے۔ پرویز مشرف نے مزید کہا کہ پاکستان کے استحکام و ترقی اور عوام کی خوشحالی و آسودگی کیلئے مضبوط و پائیدار جمہوریت ناگزیر ہے مگر انتخابی اصلاحات کے بغیر نہ تو شفاف انتخابات ممکن ہیں۔

نہ عوام کی منتخب حقیقی جمہوری حکومت کا انتخاب و اقتدار اسلئے انتخابی اصلاحات اور استحصالی نظام کے خاتمے اور عوام تک جمہوریت کے ثمرات پہنچانے والے حقیقی جمہوری نظام کی تشکیل کیلئے تبدیلی ضروری ہے جس کیلئے افواج پاکستان اور سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے اصلاحی حکومت کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے جو انتخابی اصلاحات سمیت انتظامی ڈھانچے میں مکمل اصلاح اور اسے مؤثر بنانے کے بعد شفاف انتخابات کراکر عوام و پاکستان کو حقیقی جمہوری اور عوام کی منتخب کردہ عوامی حکومت کا تحفہ دے ۔