اسامہ بن لادن کا سابق محافظ گوانتا ناموبے جیل سے مونٹی نیگرو منتقل

Guntanmobay

Guntanmobay

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے بدنام زمانہ جیل گوانتا ناموبے سے القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے محافظ عبدالمالک احمد عبدالوہاب الرہابی کو جنوب مشرقی یورپی ملک مونٹی نیگرو منتقل کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت دفاع کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 2002 سے گوانتاناموبے جیل میں قید یمنی شہری عبدالمالک احمد الوہاب الرہابی کو مونٹی نیگرو منتقل کردیا گیا ہے جس کے بعد امریکی نیول بیس کے ڈیٹنشن سنٹر میں موجود قیدیوں کی تعداد 79 رہ گئی ہے، 25 مزید قیدیوں کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے جنھیں رواں برس کے آخر تک منتقل کر دیا جائے گا۔

اوباما انتظامیہ گوانتا ناموبے جیل میں باقی بچ جانے والے قیدیوں کو خطرناک تصور کرتی ہے اور انھیں امریکا منتقل کرنے کی خواہشمند ہے تاہم ریپبلکنز نمائندے اس فیصلے کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے 2001 میں افغانستان پر حملہ کرنے کے بعد گوانتاناموبے جیل قائم کی تھی جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 780 قیدیوں کو رکھا گیا تھا، امریکی انٹیلی جنس اداروں نے عبدالمالک الرہابی کو بھی 2001 میں القاعدہ کے 31 دیگر اہلکاروں کے ہمراہ گرفتار کیا تھا۔