واشنگٹن (جیوڈیسک) اسامہ کس کی گولی سے ہلاک ہوئے۔ اس حوالے سے متضاد اطلاعات کے سامنے آنے کے بعد حال ہی میں اسامہ کو مارنے کا دعویٰ کرنے والے ا مریکی نیوی کے رابرٹ اونیل نے کہا ہے کہ اس بات کی کوئی اہمیت نہیں کہ اسامہ کو کس نے مارا۔
انٹرویو میں انہوں نے کہا اس بات سے کچھ نہیں ہو گا کہ اسامہ کو مارنے والا ’’شوٹر‘‘ میں ہوں۔ منفی پہلو سے قطع نظر میں کہوں گا کہ ہم ساری ٹیم نے اسے مارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا گروپ ایسا تھا جو یہ جانتا تھا کہ اس کا دنیا پر وقت ختم ہونے جا رہا ہے لہذا ہم سب ایک دوسرے کے ساتھ ایماندار تھے ہم سب نے اس ٹاسک کو قبول کیا تھا اور کوئی بھی خوفزدہ نہیں تھا۔
اونیل نے کہا اسامہ خوفزدہ ہو کر مرا وہ جانتا تھا کہ ہم اسے مارنے آئے ہیں اور اب یہ باب بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسامہ کی ہلاکت کی بعض تفصیلات ابھی تک منظرعام پر نہیں آئیں کیونکہ یہ تفصیلات اعلیٰ افسران کی جانب سے گاہے بگاہے سامنے آئی ہیں جس میں تمام تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔