کراچی (اسپورٹس رپورٹر) اُسامہ اسپورٹس اور رحیم محمڈن کے زیر اہتمام ضلع انتظامیہ اور بلدیہ کورنگی کے تعاون سے پنجاب گرائونڈ شاہ فیصل کالونی میں جاری پہلا آل کراچی سید نواب شاہ میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ میں مزید 2میچوں کے فیصلے ہوگئے ۔کھیلے گئے پہلے میچ میں عرفان شہید میموریل فٹ بال کلب لانڈھی نے مد مقابل ڈرگ روڈ یونین کو 1-0سے زیر کردیا ۔دونوں ٹیموں نے دوران کھیل شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا پہلے ہاف میں عرفان میموریل کی جانب سے سعید نے گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار کیا ۔
کھیلے گئے دوسرے میچ میں گلشن اسپورٹس نے نذیر محمڈن کو پنالٹی ککس پر 4-3سے شکست دیدی دوران کھیل مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا ۔میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی معروف سماجی رہنماء آصف کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزر حاجی محمد الیاس اعوان ،فرید خان ،پرویز قاسو ،سیف اللہ ،عبدالجبار راہی اور دیگر موجود تھے ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض سلیم شاہ ،میر افضل ،محبوب ،اور شبیر احمد نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر ریاض اختر مائیکل اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔