کراچی (اسپورٹس رپورٹر) اُسامہ اسپورٹس فٹ بال کلب اور رحیم محمڈن فٹ بال کلب کے زیر اہتمام ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کے تعاون سے شاہ فیصل اسٹیڈیم (پنجاب گرائونڈ)شاہ فیصل کالونی میںآل کراچی سید نواب شاہ میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز ،اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل ضلع کورنگی ولی محمد بلوچ نے فٹ بال کو کک لگا کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کردیا ۔ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ نیشنل بنک آف پاکستان اور میزبان ٹیم اُسامہ اسپورٹس فٹ بال کلب کے مابین کھیلا گیا جو مقررہ وقت تک بر ابری پر ختم ہوا کھیل کے دوران دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے میں ناکام رہیں شاندار کھیل پر اسٹیڈیم پر موجود شائقین فٹ بال نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بھر پور داد سے نوازا ۔ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر منتظمین کی جانب سے شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
جس میں سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر یعقوب بلوچ ،سیکریٹری رحیم بخش بلوچ ،ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر حاجی محمد الیاس اعوان ،ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ضلع بینظیر آباد (نواب شاہ) کے سیکریٹری ماسٹر ریاست علی ،ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ایسٹ کے سیکریٹری کیپٹن عبید اللہ خان ،ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ایسٹ کے روح رواں سید عثمان شاہ ،پرویز قاسو ،طفیل خان نیازی ،کریم بخش چانڈیو ،محمد حسین وارثی ،خالد تنولی ،قیوم لاسی ،ٹورنامنٹ سیکریٹری ریاض اختر مائیکل ،سیف اللہ خان ،گل حسن بلوچ ،کوارڈینٹر نیشنل بنک فٹ بال قمر علی قریشی ،منیجر جنید خان ،اسسٹنٹ کوچ ناصر ،کوچ محمد قاسم ،صادق بلوچ کے علاوہ اسپورٹس خصوصاً فٹ بال سے وابستہ شخصیات بڑی تعداد میں موجود تھیں تقریب میں آمد پر ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر حاجی محمد الیاس اعوان نے مہمانوں کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کئے ۔افتتاحی میچ میں ریفریز کے فرائض سلیم شاہ ،حاجی محمد اقبال اور پرویز خان نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر گل حسن بلوچ اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔