ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکار عامر خان کا کہنا ہے کہ آسکر ایوارڈ سے فلم دیکھنے والے ناظرین کی تعداد تو بڑھ سکتی ہے لیکن فلم کے اچھے یا برے ہونے کے بارے میں نہیں بتا یا جا سکتا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ اداکار عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کے لئے آسکر صرف ایک کھڑکی کی مانند ہے جس کی مدد سے آپ کی فلم کے ناظرین کی تعداد بڑھ سکتی ہے لیکن آسکر یہ نہیں بتا سکتا کہ میری فلم فلم اچھی ہے یا بری اور نہ ہی میں اس میں دلچسپی رکھتا ہوں، میری آسکر سے صرف اس حد تک دلچسپی ہے کہ اس سے آپ کی فلم کو سلور اسکرین پر ایک بڑی آڈینس مل جاتی ہے۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ شائقین آپ کی فلم سے نا واقف ہوتے ہیں لیکن اگر آپ آسکر ایوارڈ کے لئے نامزد ہو جاتے ہیں تو ہر کوئی آپ کی فلم دیکھنا چاہتا ہے حتیٰ کہ وہ لوگ آپ کی فلم کے بارے میں کچھ جانتے بھی نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری فلم اچھی ہے یا بری اس کے لئے میں فلم بینوں کا منتظر رہتا ہوں نا کہ کسی اور کا۔