کالعدم تحریک طالبان نے 5 رکنی مذاکراتی کمیٹی نامزد کر دی

Taliban

Taliban

اسلام آباد (جیوڈیسک) کالعدم تحریک طالبان نے 5 رکنی مذاکراتی کمیٹی نامزد کر دی۔ جیو کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد سے خصوصی بات چیت ہوئی ہے جس میں شاہد اللہ شاہد نے بتایا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق، تحریک انصاف کے چئرمین عمران خان، جماعت اسلام کے رہنما پروفیسر ابراہیم، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ اور لال مسجد کے مولانا عبدالعزیز طالبان کی جانب سے حکومتی ٹیم سے مذاکرات کریں گے۔

ترجمان تحریک طالبان کا مزید کہنا تھا کہ بعض چینلز پر چلنے والی یہ خبر غلط ہے کہ طالبان نے ان 5 افراد کو حکومتی ٹیم میں شامل کرنے کا کہا ہے۔

حامد میر نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے رہنما پروفیسر ابراہیم نے اس سے قبل ان سے فون پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ طالبان نے ان سے فون پر اپنی مذاکراتی ٹیم میں شامل ہونے کی اجازت لی ہے۔ پروفیسر ابراہیم نے بتایا کہ جماعت اسلامی کی نے اجازت دیدی ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔