پشاور (جیوڈیسک) کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کے افغان کمانڈر محمد حسن دو روز قبل شمالی وزیرستان میں بویا کے مقام پر پاک فوج سے جھڑپ میں مارا جاچکا ہے۔
جبکہ انہوں نے شوال میں ایک جیٹ طیارے کو اینٹی ائیر کرافٹ میزائل سے نشانہ بنانے کا دعوی بھی کیا۔ مرکزی ترجمان ٹی ٹی پی شاہد اللہ شاہد کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کابل سے تعلق رکھنے والا طالبان کمانڈر محمد حسن دو دن قبل شمالی وزیرستان میں بویا کے مقام پر پاک فوج سے جھڑپ میں ہلاک ہو چکا ہے۔
ترجمان کے مطابق محمد حسن افغانستان کے جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ پاکستان میں سرگرم تھا۔ ترجمان نے دعوی کیا کہ ضرب عضب ناکامی کا شکار ہے۔ جبکہ میڈیا جھوٹے دعووں سے قوم کو گمراہ کرنے میں مصروف ہے۔
طالبان ترجمان نے کہا کہ 900 ملکی و غیر ملکی طالبان کی ہلاکت ، کمانڈاینڈ کنٹرول کی مکمل تباہی ، شمالی وزیرستان کے اکثر علاقے کلئیر کرانے سمیت ملالہ حملے کے ذمہ داروں کی گرفتاری اور کراچی سمیت مختلف مقامات پر پولیس اور رینجرز مقابلوں میں تحریک طالبان کے ساتھیوں کی ہلاکت جیسی خبریں بے بنیاد ہیں۔