چوکی مونگ میں چوری کی وارداتوں کا قلع قمع کیا جائے

کوٹلی : چوکی مونگ میں چوری کی وارداتوں کا قلع قمع کیا جائے۔ آئے روز چوری کی وارداتوں میں کمی کے بجائے اضافہ تشویش ناک ہے۔ انتظامیہ فوری طور پر مجرمان کی گرفتاری کو یقینی بنائے اور علاقے میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کرے۔ ان خیالات کا اظہار عوام علاقہ چوکی مونگ کے ایک نمائندہ وفد نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ علاقہ چوکی مونگ ہمیشہ سے ایک پر امن علاقہ رہا ہے۔ اور اب کچھ عرصہ سے بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں نے عوام علاقہ کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔ اب حالیہ ہونیو الی چوری کی واردات میں کہ جس میں چار دکانوں کے تالے توڑ کر سامان لوٹا گیا ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انتظامیہ فوری طور پر چوری میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرے اور لوٹا گیا سامان برآمد کروائے ۔ انہوں نے کہا کہ جس تیزی سے وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ۔ اگر بروقت اور فوری ایکشن نہ کیا گیا تو آئندہ اس کا سلسلہ چل نکلے گا۔ واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی دور ہو سکے۔