لندن (جیوڈیسک) گزشتہ روز پاکستانی ٹیم کا اس اہم میچ میں بھی آغاز مایوس کن تھا جب سمیع اسلم صرف تین رنز بنا کر براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ آج پاکستان نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو کچھ ہی دیر بعد نائٹ واچ مین یاسر شاہ بھی فن کی گیند پر روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
یاسر شاہ نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد اظہر علی اور اسد شفیق نے ٹیم کو سنبھالا اور سکور کو 100 رنز سے زائد تک پہنچایا۔ پاکستان کی تیسری وکٹ اظہر علی کی صورت میں گری جنہوں نے 49 رنز بنائے۔ اس کے بعد یونس خان نے اسد شفیق کے ساتھ مل کر ٹیم کے سکور کو 200 سے زائد رنز تک پہنچایا۔ دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کیا۔
یونس خان نے 86 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ اس کے بعد اسد شفیق بھی اپنی سینچری بنانے میں کامیاب رہے۔ اسد شفیق نے 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 100 رنز مکمل کئے۔ 277 رنز پر پاکستان کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب اسد شفیق ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اسد شفیق نے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ 316 رنز پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گری۔ کپتان مصباح الحق اس مرتبہ بھی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 15 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے فوری بعد ہی پاکستان کی چھٹی وکٹ بھی گر گئی جب افتخار احمد اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ معین علی نے ان کا شاندار کیچ لیا۔ افتخار احمد نے صرف 4 رنز بنائے۔ یونس خان نے اس میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سینچری مکمل کی۔ انہوں نے 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنے سو رنز مکمل کئے۔