اوور بلنگ ایک لعنت ہے ملوث افسران کو ملازمت سے برطرف کر دیا جائے گا۔منیر احمد

GEPCO

GEPCO

گوجرانوالہ : گیپکو چیف منیر احمد میاں نے کہا ہے کہ اوور بلنگ ایک لعنت ہے اس میں ملوث افسران کو ملازمت سے برطرف کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب گوجرانوالہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد کی قیادت صدر پریس کلب طارق منیر بٹ نے کی جبکہ وفد میں نائب صدر ڈاکٹر عمر نصیر ‘ جنرل سیکرٹری تنویر بٹ ‘ سینئر صحافی اعظم بٹ ‘ راشد کھوکھر ‘ غلام فرید شامل تھے۔

اس موقع پر صدر واپڈا ہائیڈروالیکٹرک یونین اقبال ڈار اور مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے مرکزی رہنما محمد شعیب بٹ بھی موجود تھے۔ گیپکو چیف نے کہا کہ اووربلنگ پر وینکے تارڑ سب ڈویژن کے تمام افسران معطل کر دیئے گئے ہیں۔

لوڈ بڑھنے کی آڑ میں کرپشن کی شکایات موصول ہوئی ہیں جس پر اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایسی شکایات پر تین نوٹس ارسال کرینگے کہ صارف اپنا لوڈ ریگولرائز کرے وگرنہ کارروائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے میٹر لگانے کا کام شروع ہے اور نئے میٹر تیز نہ ہیں۔

انہوں نے صحافیوں کی شکایت پر توہین آمیز رویہ اختیار کرنے والے ایس ڈی او سول لائن سب ڈویژن اعجاز مرزا کو فوری طور پر تبدیل کرنے کا حکم دیا۔

صدر پریس کلب کی دعوت پر گیپکو چیف آئندہ ہفتہ پریس کلب کا دورہ کرینگے اور موجودہ بجلی کی صورتحال کے حوالے سے صحافیوں کو بریفنگ دینگے گیپکو چیف نے کہا کہ گیپکو نے 98 فیصد ریکارڈ ریکوری کی ہے۔