لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیو ں نے اپنی انتھک محنت قابلیت اور لگن سے زندگی کے ہر شعبے میں کارہائے نمایاں انجام دئیے ہیں اور ملک کا نام روشن کیا، اُن کی ملک سے محبت اور وابستگی لازوال ہے ’جب بھی ملک کو قدرتی آفات اور دیگر مسائل سے دوچار ہونا پڑا تو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے عملی طور پر اپنی خدمت اور تعاون کو ہر اعتبار سے یقینی بنایا۔
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اوور سیز پاکستانیوں سے ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت راجہ مظہر حیات کر رہے تھے۔ وفد میں سلمیٰ ناصر، جاوید احمد ملک اور کاشف بشیر خان بھی شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم ہمارے پاکستانی بھائی جن شعبوں میں بھی نمایا ں کارکردگی دکھا کر پاکستان کا نام روشن کیے ہوئے ہیں اُنہیں پاکستان میں مدعو کیا جائے گا یہاں اُن کی نہ صرف پذیرائی کی جائے گی بلکہ اُن کے تجربات اور صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ بھی کیا جائے گا۔
گورنر نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ملک میں تعلیم کے فروغ اور غربت کے خاتمے کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے انقلابی اقدامات میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔