کراچی (جیوڈیسک) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران 10ارب 35کروڑ 88لاکھ 10 ہزار ڈالر وطن بھجوائے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں بھجوائے گئے 9 ارب 3کروڑ 84 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 14.6 فیصد زائد ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2015 کے دوران کارکنوں کی ترسیلات 1ارب 37 کروڑ 71لاکھ 40ہزار ڈالر رہیں جو دسمبر 2014 کے مقابلے میں 13 فیصد کم مگر جنوری 2014 کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2015 میں سعودی عرب45 کروڑ 28لاکھ 10ہزار ڈالر، متحدہ عرب امارات 24کروڑ 67لاکھ 90ہزار ڈالر، امریکا 18کروڑ 61لاکھ 50ہزار ڈالر، برطانیہ 16 کروڑ 94لاکھ 40 ہزار ڈالر، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں (بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) 16 کروڑ 4 لاکھ 40ہزار ڈالر، یورپی یونین 6 کروڑ 54لاکھ 50 ہزار ڈالر اور ناروے، سوئٹزرلینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنے والی ترسیلات زر مجموعی طور پر 9کروڑ 60لاکھ 60 ہزار ڈالر رہیں۔
جبکہ جنوری 2014 میں ان ملکوں سے آنے والی رقوم بالترتیب 39 کروڑ 32لاکھ 70ہزار ڈالر، 21کروڑ 42لاکھ 10 ہزار ڈالر، 19کروڑ 30لاکھ 90 ہزار ڈالر، 16کروڑ 96 لاکھ 70ہزار ڈالر، 15کروڑ 10لاکھ 90 ہزار ڈالر، 3کروڑ 46لاکھ 50 ہزار ڈالر اور 9کروڑ ڈالر رہی تھیں۔