اویس مظفر نے پی پی پی کے شہید کارکن کے 4 بچے گود لے لئے

Owais Muzaffar

Owais Muzaffar

کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی سیداویس مظفر نے پیپلز پارٹی کے شہید کارکن ندیم ملکانی کی 3 بیٹیوں اور ایک بیٹے کو گود لینے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کسی کارکن کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

شہید کارکن کے 4 بچے اب ہمارے بچے ہیں، ان کی بہتر تربیت پر بھرپور توجہ دی جائے گی، پیپلز پارٹی کا مذکورہ کارکن پیپلز پارٹی کے جھنڈا لگا رہا تھا اور بجلی کا کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا جوش و جذبہ قابل تعریف ہے، ہم بھی کارکنوں کے ہر دکھ سکھ میں برابر کے شریک ہیں، چاروں بچوں افسانہ، سپنہ، سسی اور شیر کو شریک چیئرمین آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر گود لے رہا ہوں۔

دوسری جانب پی پی رہنماسیداویس مظفرنے خسرہ کے حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے جاری مہم کے دوران ایک معصوم بچی کوخسرہ کا ٹیکہ لگایا اور ڈی ایچ او ٹھٹھہ ڈاکٹر ظہور میمن کو ہدایت کی کہ ضلع ٹھٹھہ اور سجاول کے تمام بچوں کوخسرہ کے ٹیکے لگائے جائیں۔

انھوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ خسرہ مہم کے دوران محکمہ صحت کے حکام کا بھرپور ساتھ دیں اور اگر کوئی شکایت ہوتو فوری طور پر انھیں آگاہ کیا جائے۔

قبل ازیں سید اویس مظفر نے ایران کے تعاون سے ٹھٹھہ میں قائم کی جانے والی اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسائل کی قلت کے باوجود سندھ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔

پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کے ہر دکھ سکھ میں برابر کی شریک رہی ہے۔

انھوں نے اسلامک انقلاب ایران کی ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی جانب سے 30 بستروں پر مشتمل ایک جدیداسپتال بنانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کی مثالی دوستی ہے،آصف علی زرداری نے بھمبھور کو ڈویژن بنا کر تاریخی ضلع سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو تحفہ دیاہے تاکہ پسماندہ علاقے کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو سکیں۔

انھوں نے کہا کہ سجاول اور ٹھٹھہ ضلع میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں اور عوام کو ترقی نظر آناشروع ہو گئی ہے۔

اس موقع پر ایران کے قونصل جنرل ڈاکٹر مہدی سبحانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مضبوط ہے ہمارا رہن سہن اور کلچر بھی ایک ہے، ایران کی حکومت تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ایران کی حکومت نے سیلاب متاثرین کی بھی بھرپور امداد کی تھی۔

تقریب میں پی پی پی کی رکن سندھ اسمبلی رخسانہ شاہ بخاری، سابق صوبائی وزیرسسی پلیجو، سابق صوبائی وزیر صادق میمن اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔