کراچی (جیوڈیسک) سندھ پولیس نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے کے اغوا کے کیس میں پنجاب پولیس سے مدد مانگ لی، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کہتے ہیں سندھ پولیس کی جتنی مدد کر سکتے ہیں کر رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے لاہور میں کرائم سین یونٹ موبائل وہیکلز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے کے اغوا کے کیس میں پنجاب پولیس سے مدد مانگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جتنی مدد وہ سندھ پولیس کی کر سکتے ہیں کر رہے ہیں ۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے نئے بجٹ سے 400 نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی ، کوشش ہے کہ ہر تھانے میں ایک نئی گاڑی ضرور ہو ۔
مشتاق سکھیرا نے کرائم سین یونٹ موبائل وہیکلز کاخود بھی معائنہ کیا ۔ پولیس کو حاصل ہونے والی یہ 36 گاڑیاں کسی بھی حادثے کے بعد ثبوت اکٹھا کرنے اور انہیں محفوظ بنانے میں مدد گار ہوں گی۔