کراچی (جیوڈیسک) پی آئی اے اس سال حج آپریشن کیلئے طیارے لیز پر نہیں لے گی، تمام حج پروازیں پی آئی اے اپنے طیاروں کے ذریعے ہی آپریٹ کرے گی۔ پی آئی اے کے ڈائریکٹر انجینئرنگ ثمین الدین نقوی نے ذرائع کو بتایا کہ حکومت سے ملنے والی امدادی رقم سے طیاروں کے فاضل پرزہ جات کی خریداری اور بیرون ملک مرمت کیلئے بھیجے گئے طیاروں کے انجنوں کی واپسی ممکن ہو گئی ہے۔
حج آپریشن کے آغاز تک ناصرف متعدد طیارے پرواز کے قابل ہو جائیں گے بلکہ بیک اپ میں بھی طیارے اور انجن دستیاب ہوں گے۔ حج پروازوں کیلئے پی آئی اے تین بوئنگ 747 طیارے اور ایک ایک بوئنگ 777 اور ایربس اے 310 طیارے استعمال کرے گی۔ اس کے علاوہ آٹھ ایربس اے 310 طیاروں میں تبدیلی کرکے ان میں نشستوں کی تعداد میں اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ ایربس طیاروں میں مجموعی طور پر تین سو نشستوں کا اضافہ ہوا ہے۔