پاکستان (جیوڈیسک) حکومت کی بنائی گئی پاکستان اولمپک ایسوی ایشن کی عبوری کمیٹی نے پی او اے کے صدر عارف حسن اور سیکرٹری خالد محمود پر تاحیات پابندی عائد کر دی۔ دوسری جانب عارف حسن کا کہنا ہے کہ حکومتی مداخلت کے باعث پاکستان کی اولمپک رکنیت بدستور خطرے سے دوچار ہے۔
اسلام آباد پی او اے عبوری کمیٹی کے اجلاس کے دوران جنرل عارف حسن اور سیکرٹری خالد محمود پر تاحیات پابندی لگا دی گئی۔ عبوری کمیٹی نے موقف اختیار کیا ہے کہ عارف حسن متوازی اسپورٹس فیڈریشنز کے قیام عمل میں لا کر کھیلوں کی منفی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عارف حسن نے ایک بار پھر خبردار کیا کہ حکومتی مداخلت کے باعث پاکستان کی اولمپک رکنیت سے معطلی کے خدشات بدستور موجود ہیں۔ انہوں نے کہا صورتحال برقرار رہی تو پاکستانی ایتھلیٹس کی بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت مشکل ہو جائے گی۔