کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ شرجیل میمن کی پریس کانفرنس میں اٹھائے گئے نکات مضحکہ خیز اور حقائق کے منافی ہیں۔ خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے آمرانہ طرز عمل اختیار کرتے ہوئے سندھ کے شہری عوام کے مینڈیٹ کو قطعی مسترد کردیا اور جنرل ضیا کا پسندیدہ نظام سندھ کے عوام پر مسلط کردیا۔
خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ پی پی قیادت نے بھی کئی بار جلا وطنی اختیار کی اور بیرونِ ملک سے پارٹی امور چلائے، شرجیل میمن نے اپنی پارٹی قیادت کی قربانیوں اور خود اپنا مذاق بنایا ہے۔ بلدیاتی قانون لاکر پیپلز پارٹی نے نہ صرف اپنے منشور سے انحراف کیا ہے بلکہ اپنی شہید چیئرپرسن کی خواہش کا خون کیا ہے۔ پی پی پی سندھ کی قیادت کا یہ رویہ دیکھ کر جنرل ضیا کی روح کو سکون ملا ہوگا۔