صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی قربانیوں کے نتیجے میں ملک میں جمہوریت کا مستقبل روشن ہے، معاشی استحکام امن وامان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نواز حکومت سے تعاون کیا جائیگا۔
ٹنڈو آدم کے گاں سنجرجونیجو میں رکن قومی اسمبلی روشن دین جونیجو کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں وزرا، اراکین اسمبلی اور پارٹی کے عہدیداروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صدر زرداری کا کہنا تھا پیپلزپارٹی نے جمہوریت کیلئے ناقابل فراموش قربانیاں دیکر ملک میں جمہوریت کے مستقبل کو روشن بنادیا ہے، منتخب جمہوری حکومت کا آئینی مدت پوری کرنا اور سویلین صدر کا جمہوری انداز میں مدت مکمل ہونے پر رخصت ہونا قربانیوں کا ہی ثمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام، امن وامان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف نواز حکومت سے تعاون کیا جائیگا۔ صدر زرداری کی آمد کے موقع پر شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، اور ذرائع کو کوریج کرنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔