اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے شیخ رشید کو قائد حزب اختلاف بنانے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے رائے دی ہے کہ عمران خان کو قائد حزب اختلاف بنایا جائے۔ کمیٹی نے چیئرمین نیب کے تقرر کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کی توثیق بھی کر دی پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کا معاملہ زیر غور آیا۔ کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی بجائے عمران خان کو قائد حزب اختلاف بنایا جائے۔
کمیٹی نے چیئرمین نیب کے تقرر کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کی توثیق کر دی۔ اور فیصلہ کیا کہ یکم نومبر سے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ کمیٹی نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کے بھائی کی ایل ڈی اے میں تعیناتی کا معاملہ پارٹی کیصوبائی صدر اعجاز احمد چودھری کے سپرد کر دیا۔ عمران خان نے اس معاملے پر پارٹی رہنماوں کو بیان دینے سے روکتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنے والے پارٹی رہنماوں کو نوٹس جاری کیے جائیں۔ اجلاس میں میاں محمودالرشید پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا گیا۔