لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں ایک خاتون سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ پیر کی رات سے جاری اس جھڑپ میں آج صبح شدت آگئی اور پولیس کی جانب سے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے شدید لاٹھی چارج، آنسو گیس اور ہوائی فائرنگ کا بھی استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں 35 سے زائد کارکن زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون سمیت پاکستان عوامی تحریک کے پانچ کارکن شامل ہیں۔ تاہم حکام نے ابھی تک ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے کارکنوں میں سے ایک کی 16 سال ہے۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق یہ کارکن پولیس کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کی ذد میں آکر ہلاک ہوئے ہیں۔اس دوران پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے پاکستان عوامی تحریک کے متعدد کارکنوں کو حراست میں بھی لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جھڑپ کے دوران 13 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی ہونے والوں کو بعد میں لاہور کے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔