اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ ضرب عضب میں نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہے، مضبوط مسلح افواج کے ذریعے دہشتگردی سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا کیا جا سکتا ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف سے ایئر چیف مارشل سہیل امان نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں پاک فضائیہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایئر چیف مارشل سہیل امان نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ تیاریوں سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف جاری فیصلہ کن لڑائی میں فضائیہ کا کردار نہایت اہم ہے جو ایئر فورس کی اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ مہارت سے ممکن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مسلح افواج کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتی ہے ، مسلح افواج کو مضبوط بنا کر دہشتگردوں کا خاتمہ ممکن ہے ، اس کے ساتھ ساتھ مسلح افواج کی جدید طرز پر پیشہ وارانہ تیاری اور صلاحیتوں سے ملک کو درپیش چیلنجز کا سامنا کیا جا سکتا ہے۔