پیڈا اتھارٹی کے ملازمین کی فراغت یا انکی جگہ نئی بھرتی کی افواہیں بے بنیاد ہیں

پیڈا : پیڈا اتھارٹی کے ملازمین کی فراغت یا انکی جگہ نئی بھرتی کی افواہیں بے بنیاد ہیں،ہائیکورٹ کے حکمِ امتناعی کے باعث پیڈا اتھارٹی کے کسی ملازم کو فارغ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اسکی جگہ نئی بھرتی کا اشتہار دیں گے ، ،پی اینڈ ڈی کی رپورٹ اور ہائیکورٹ کے حُکم کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اتھارٹی کے ملازمین کو فارغ نہیں کیا جا سکتا،اِن خیالات کا اظہار پیڈا اتھارٹی کے جنرل مینیجر میاں مقبول احمد نے ملازمین کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ سیکرٹری آبپاشی/ایم ڈی پیڈا پہلے ہی واضح کر چُکے ہیں کہ 10سے 15 سال تک محکمہ کی خدمت کرنے والے ملازمین کو گھر بھیجنا اُنکے ساتھ ظلم اور زیادتی ہوگی۔وہ تمام ملازمین جو اخبار اشتہار کے بعدبھرتی ہوئے ہیں اُنہیں مستقل ملازم کا درجہ دیا جانا ضروری ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدائیت کی تھی کہ ملازمین کی بھرتی کے لئے اخبار میں اشتہار دیا جائے جبکہ چیف سیکرٹری کے فیصلے کے خلاف عدالتِ عالیہ لاہور ہائی کورٹ نے حُکم ِ امتناعی جاری کر دیا تھا جبکہ دوسری جانب چیف سیکرٹری کی ہدائیت پر ہی پی اینڈ ڈی نے رپورٹ جاری کی ہے جس میں سفارش کی گئی ہے کہ موجودہ سٹاف کی خدمات جاری رکھی جائیں اور نئے سٹاف کی بھرتی کے لئے موجودہ سٹاف کے علاوہ خالی سیٹوں پر بھرتی کی جائے۔

جنرل مینیجر پیڈا نے کہا کہ یہ افواہیں بالکل غلط ہیں کہ پیڈا اتھارٹی اور ایم ڈی پیڈا ہائیکورٹ کے حکمِ امتناعی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے موجودہ ملازمین کو فارغ یا انکی
جگہ نئی بھرتی کریں گے۔اُنہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ پیڈا کے جنرل مینجر (ٹی ایم) ملازمین کی مستقلی کے سلسلہ میں نہ توتاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں اور نہ ہی آفیسران کوہائیکورٹ کے حُکم کے خلاف گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں بلکہ مزکورہ آفیسر موجودہ ملازمین کی مستقل ایس این ای کی منظوری اور مستقلی کے لئے سفارشات مرتب کر رہے ہیں۔