اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاک افغان سرحد پر باڑ کی نگرانی کے دوران بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کا میجر اور سپاہی شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ پاک فوج کے جوان پاک افغان سرحد پر ضلع مہمند میں باڑ لگانے کے کام کی نگرانی پر مامور تھے کہ اس دوران دہشت گردوں کی نصب کی ہوئی بارودی سرنگ کے دھماکے کی زد میں آ گئے۔
میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ دھماکے میں شہید ہونے والوں میں پاک فوج کا میجر عدیل اور سپاہی فراز شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عدیل شاہد کا تعلق کراچی اور سپاہی فراز حسین کوٹلی کے رہنے والے تھے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بھی پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف پاک فوج کے اہلکاروں پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 جوان شہید اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔