راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج نے بھارتی فوج کو دھول چٹا دی، اشتعال انگیزی کے جواب میں بھارتی چیک پوسٹ اڑا دی، 5 بھارتی فوجی جہنم واصل جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، پاک فوج نے کنٹرول لائن پر بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا اور تتہ پانی سیکٹر میں پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے والی بھارتی چیک پوسٹ ہی اڑا دی، کارروائی میں 5 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں کیخلاف بھارتی دہشتگردی کا اسی طرح سخت جواب دیا جائے گا۔
اس سے پہلے بھارتی فوج نے بٹل سیکٹر میں بچوں کی اسکول وین پر فائرنگ کی جس سے ڈرائیور شہید ہو گیا۔ واقعے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان نے سخت احتجاج کیا اور احتجاجی مراسلہ بھی دیا۔ دفتر خارجہ کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جنگ کے دنوں میں بھی اسکولوں اور ہسپتالوں پر حملے نہیں کیے جاتے۔