لاہور: پاکستان مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ یوتھ ونگ کی جانب سے ماہ ستمبر کو فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جانثاران پاکستان کے تحت منانا قومی سوچ کی ترجمانی ہے ستمبر میں افواج پاکستان نے قلیل تعداد میں ہوتے ہوئے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور دشمن ملک کی افواج کو عبرتناک شکست دے کر بھاگنے پر مجبور کر دیا، پاک فوج نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی۔
جانثاران پاکستان کے تحت مسلم لیگ یوتھ ونگ کے پلیٹ فارم سے سوشل میڈیا پر پاک فوج کی قربانیوں سے نئی نوجوان نسل کو آگاہ کیا جارہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہائوس میں سید بلال مصطفی شیراز ی مرکزی صدر ، ملک شکیل سکندر سیکرٹری جنرل کے ساتھ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مسلم لیگ یوتھ ونگ میڈیاسیل کے سیکرٹری فرحان شاہ کی کاوشوں کو سراہا جو انتہائی محنت سے اس کام کو سرانجام دے رہے ہیں ۔ناصر رمضان گجر نے کہا کہ ماہ ستمبر افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ۔پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ کی طرف سے سوشل میڈیا پر پاک فوج کے شہیدوں کی خدمات کو اجاگر کیا جارہا ہے اور پاک فوج کے شہیدوں اور ان کی لازوال قربانیوں کو یاد دلانے کیلئے بھر پور مہم چلائی جارہی ہے جس پر یوتھ ونگ کے نوجوان مبارکباد کے مستحق ہیں۔