ہمیں اپنی افواج پر بھروسہ ہے

Pak Army

Pak Army

تحریر : محمد طاہر تبسم درانی

سب سے پہلے بطور پاکستانی اور افواج پاکستان کا ایک ادنیٰ سا سپاہی ہوں ، پاک فوج نے بین الااقوامی ملٹری ڈرل کا مقابلہ جیت کر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کر دیااور میں اس کارنامے پر پاک فوج کے سربراہان اور جوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ مقابلہ برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی کی جانب سے ہر سال منعقد کیا جاتا ہے۔ پاکستان آرمی نے جیت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور الحمد اللہ اسلامی دنیا کی سب سے بہترین فوج کا لقب بھی اپنے سر سجایا ہوا ہے ۔ستر گناہ بڑی طاقتوں کا مقابلہ کرتے ستر سالوں سے اپنے فرض کی ادائیگی میں کوتاہی کو گناہ کبیرہ سمجھنے والے جوانوں کا یہ لشکر اپنی آب و تاب کے ساتھ پاکستان کی حفاظت کر رہا ہے ۔ دشمن نے ہر حربہ اختیار کیا کبھی اندرونی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کی کبھی دہشتگردی کی جنگ ملسط کر کے پاکستان کو زیر کرنے کا خواب دیکھا لیکن میرے جری جوانوں نے اپنی جانوں کی پراہ کیے بغیر دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیے ۔جس طرح خون کے بغیر جسم زندہ و تروتازہ نہیں رہ سکتا اسی طرح کوئی بھی مُلک یا قوم اپنی افواج کے بغیر زندہ و سلامت نہیں رہ سکتی۔

دشمن کو 1965ء میں رات کے اندھیرے میں بُذدلانہ حملہ کرنے کی غلطی ساری زندگی یاد رہے گی اور پاک فوج کے جوانوں کے جذبے سنہری حروف میں لکھے جائیں گے ۔ کربلہ کے ریگذار ہوں یا وزیرستان کی حسین وادیاں خراج جوانوںنے ہی ادا کیا اور قوم نے بقا پائی ، سرنگا پٹم کا ٹیپو سلطان ہو یا میجر محمد اکرم شہید جس سے دشمن بھی خوف کھاتا تھا، ہوا کے دوش اُڑنے والا ایم ایم عالم ہو یا میجر ڈاکٹر عاطف رسول شہید ، کرنل شیر خان ہو یا چیتے کا جگر لے کر پیدا ہونے والا لیفٹیننٹ فیض سلطان ملِک، سوار محمدحسین ہو یا عقابی آنکھ والا بڈھ بیر کا ہیرو سید اسفند یار بخاری یا زخمی حالت میں 90 (نوے) منٹس تک دشمن کی آنکھ میں آنکھ ڈالے اپنے ساتھیوں کی حفاظت کرنے والا پاک فوج کا جوان کیپٹن سلمان سرورشہید ہو ، دشمن کی ہر حرکت پر نظر ڈالے سینہ سپر ہو کر کھڑا ہونے والا بہادر میجر عزیز بھٹی شہید ہو یا سید جنید ارشد شہید یا دشمن سے لڑتے اپنے نبی ۖ کی نعت پڑھنے والا سید ارتضیٰ عباس گردیزی، یا خوبصورت جوان انجینئرنگ سے تعلق رکھنے والا لیفٹیننٹ سید یاسر عباس شہید جس نے شہادت کو گلے لگا لیا لیکن دشمن کے ناپاک قدموں کو پاک دھرتی پر ٹکنے نہ دیا اور جہنم واصل کر کے خود کو اللہ کے قریبی بندوں کی صف میں کھڑا کر لیا۔

تاریخ گواہ ہے دہشتگردی کی جنگ میں جتنی قربانیاں پاک فوج کے جوانوں ، افسروں اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے دی اس کی شائد ہی نظیر ملتی ہو ۔پاکستان کاہر فرد پاک فوج کا سپاہی ہے اور ہمیں اپنی افواج پر بھروسہ ہے ۔ اس میں کوئی شک نہیں ملک میں ایک مفاد پرست ٹولہ ملک و قوم کی شان پاکستان کی آن پاک فوج کے خلاف زہر اُگل کر عوام اور افوج کے درمیان ایک خلیج پیداکرنے کے ناکام کوشش کر رہا ہے ۔ پاک فوج دنیا کی واحد فوج ہے جو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ ملائشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے اپنے دورہ پاکستا ن کے موقع پر پاک فو ج کے بارے کہا ”پاکستان کی افواج بہت بہادر اور طاقتور فوج ہے ، دشمن کو شکت سے دوچار ہونا پڑے گا، حملہ کرنے سے پہلے دشمن کو بار بار سوچنا ہوگا” انہوں نے مزید کہا دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی قربانیاں قابل ستائش ہیں اور اب پاکستان ایک مستحکم سٹیٹ بن چُکا ہے۔

ہم بخوبی جانتے ہیں کہ دنیا میں اسلامی ممالک کے ساتھ کتنا ظلم و ستم ہو رہا ہے بچوں ، عورتوں ، بوڑھوں یہاں تک کہ نومولود بچوں کو بھی قتل عام کیا جا رہا ہے افغانستان تباہ ہو چکا ، عراق ، لبیا، صومالیہ، شام،یمن جبکہ مصر تباہی کے کنارے پر ایران و قطر، کشمیر تباہ حال جبکہ ہندوستان میں لا چار و بے کس مسلمان۔۔۔۔۔۔۔ اورپاکستان کو تباہ کرنے کی بھرپور کوشش ہو رہی ہیں پچھلے 20 سالوں میں قتل ہونے والے مسلمان ،20 لاکھ سے زیادہ پناہ گزین ،مسلمانوں کی تعداد تقریبا 6 کروڑ پاکستانیوں۔۔۔۔۔۔،ہمیں دشمنوں کی چالاکیوں اور چالوں کو سمجھنے کی اشد ضرورت ہے یہ ملک اللہ کے فضل سے اور پاک فوج کی انتھک کوششوں قربانیوں اور صلاحیتوں کی وجہ سے قائم و دائم ہے اور انشاء اللہ قائم ودائم زندہ و سلامت رہے گا۔فوج کو عوام کے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے ہم دشمن کو بتا دینا چاہتے ہیں یہ 22 کروڑ عوام نہیں بلکہ یہ 22 کروڑ فوجی ہیں جو اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ہم اپنے خون کا آخری قطرہ تک اپنے ملک و قوم کی خاطر بہا دیں گے لیکن اپنے ملک پر آنچ نہ آنے دیں گے۔

یہاں ایک بات اپنے قارئین کو فخر سے بتا نا چاہوں گا ،” دنیا یہ تو جانتی ہی ہے کہ پاکستان فوج اسلامی دنیا کی سب سے بڑی اور طاقتور فوج ہے اور اس کا شما ر صف اول میں کیا جاتا ہے اس کے علاوہ ایسے اعزازات بھی پاک فوج کے پاس ہیں جو دنیا کی کسی فوج کے پاس نہیں ہیں ایک رپورٹ میں پاک فوج کی صلاحیتوں اور اعزازات کا کا ذکر کیا گیا ہے مگر جو بات میں نے پڑھی میرا سر فخر سے بلند ہو گیا ۔دنیا کی کون سی فوج ہے جس میں انتہائی مشکل اور خوفناک جنگی حالات سے دوچار ہونے کے بعد فوجی ذہنی مسائل کا شکار نا ہوتے ہوں۔ ان فوجیوں میں شدید ذہنی مسائل کے سبب خودکشی کا رجحان بھی عام پایا جاتا ہے۔ امریکا جیسے امیر ترین ملک کے فوجی بھی بڑی تعداد میں خودکشیاں کرتے ہیں اور بھارت جیسے غریب ملک کی بزدل فوج میں بھی خودکشیوں کی شرح بہت زیادہ ہے۔ تو کیا یہ بات ہمارے لئے بے پناہ فخر کا باعث نہیں کہ پاک فوج دنیا کی واحد فوج ہے جس میں خودکشی کی شرح ”صفر” ہے۔(الحمداللہ)
کیا آپ کو یہ جان کر خوشی نہیں ہو رہی کہ ہمارے جوان کس قدر بہادر ہے جنہیں موت سے ڈر نہیں لگتا بلکہ وہ ہنستے ہنستے ملک و قوم کی حفاظت کی خاطر اپنا سینہ پیش کر دیتے ہیں ۔پاک فوج دنیا میں افرادی قوت کے لحاظ سے چھٹی بڑی فوج ہے ۔ایوی ایشن کی تو بات ہی نرالی ہے جناب پاک فوج کی ایوی ایشن دنیا کی وہ واحد ایوی ایشن ہے جس کے پاس دنیا کے چھ اٹیک ہیلی کیپٹرز میں سے چار ہیلی کیپٹرز موجود ہیں۔ اللہ کے فضل سے الخالد گیارہواں بڑا اور بہترین ٹینک ہے اور قابل ستائش بات یہ ہے کہ یہ ٹینک پاک فوج کے انجینئرز خود تیا ر کرتے ہیں اور اگر ہم اپنی خواتین کا کردار پاک فو ج کے لیے دیکھیں تو وہ بھی کسی لحاظ سے پیچھے نظر نہیں آئیں گی الحمد اللہ خواتین فوجیوں کی
تعداد سے پاک فوج کا شمار پہلے نمبر پر ہوتا ہے خاص طور پر مسلم دنیا کی افواج میں پاکستان نمبر ایک پر آتا ہے ۔اقوام متحدہ کے سب سے زیادہ میڈلز بھی پاک فوج کے نام ہوئے ہیں ۔اقوام متحد ہ کے امن مشن میں سب سے زیادہ فوجی دستے فراہم کرنے والی افواج میں پاکستانی فوج تیسرے نمبر پر ہے ۔

پاکستانی میڈیا پر پاک فوج کے خلاف جو باتیں کی جاتی ہیں دل خون کے آنسو روتا ہے ۔کسی بھی واقعہ کے بعد پاک فوج کا کردار مشکوک بنانے کی مذموم کوشش کی جار ہی ہے اور کچھ لفافہ دانشور اس سازش میں گٹھیا رول ادا کرنے میں بڑی مہارت رکھتے ہیں ۔وہ آزادی یادہشتگردی کی جنگ جس کے لیے میرے ملک کے غیور جوانوں نے اپنی جوانیوں کو نچھاور کر دیا اور آزادی کی قمیت اپنے مقدس لہو سے ادا کی ۔ پاک فوج کے خلاف کام کرنے والے نہ جانے کس کے ایجنڈا پر کام کر رہے ہیں جن کو پاک فوج کی قربانیا ں نظر نہیں آتیں جن کی محنت ،ہمت ، مشقت اور جرأت کی پوری دنیا گواہ ہے جو کسی بھی مشکل میں ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹتی بلکہ وطن کی حفاظت کو اپنا اولین مقصد حیات سمجھتے ہیں اور اپنے فرض میں کوتاہی کو گناہ کبیرہ سمجھتے ہیں۔پاک فوج ہی پاکستان کی سالمیت اور حفاظت کی ضامن ہے ۔

ہٹلر کے بارے ایک کہاوت مشہور ہے وہ کہتا تھا” اگر کسی قوم پر کاری ضرب لگانی ہو تو اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اِس قوم کی فوج کو قوم کی نظروں میں اتنا مشکوک بنا دو کہ وہ اپنے محافظوں کو اپنا دشمن سمجھنا شروع کر دیں”۔اور یہ ایک مُسلمہ حقیقت ہے جس سے رو گردانی نہیں کی جا سکتی کہ پاکستان میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاک فوج کے خلاف زہر اُگلا جا رہا ہے تا کہ قوم اپنے محسنوں کو اپنا دشمن سمجھنے لگے لیکن انشاء اللہ جب تک ہمارے جسموں میںخون گردش کر رہا ہے ہمار ا ایک ایک قطرہ پاک فوج کے لیے حاضر ہے ۔ایک اور بات اپنے قارئین کو بتانا چاہوں گا اگر کوئی معاشرہ ، سلطنت زندہ و سلامت رہ سکتی ہے تو اس کے پیچھے ایک مضبوط عسکری قوت کا وجود ہے ۔پاک فوج اگر سر فروش نہ ہوتی ، ملک و قوم کی محافظ نہ ہوتی تو دشمن کب کاپاکستان کو نِگل چُکا ہوتا عرصہ دراز ہے امریکہ بہادر مختلف زاویوں سے ملک پاکستان پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے کبھی افغانستان کے راستے کبھی ہمسائیہ ملک بھارت کے راستے داخل ہوکر حملہ کرنا چاہتا ہے لیکن یہ پاک فوج کی حکمت عملی اور دانش مندی ہے کہ وہ پاکستان کی جغر افیائی سرحدوں کے ساتھ ساتھ نظریاتی سرحدوں کی بھی حفاظت کررہی ہے پاک فوج کا ہر جوان اور آفیسر ہر وقت ہر لمحہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جوان دینے کے لیے چوکنا کھڑا ہے ۔ پاک وطن اگر قائم دائم ہے تو اس کے پیچھے جوانوں کا وہ مقدس لہو ہے جو انہوں نے ہنستے ہنستے ملک و قوم کی حُرمت پر نچھاور کر دیا۔
تاریخ گواہ ہے دنیا کا ہر وہ حاکم نہ اپنی سلطنت کا تحفظ کر سکا اور نہ ہی اپنی قوم یا رعایا کی حفاظت کر سکا جس نے فوج رکھنے کے باوجود اپنی سپاہ کی ترقی و برتری پر توجہ نہ دی۔ نیپولین نے کہا تھا” اسلحہ میرا ہو اور فوج اسلامی ریاست کی ہو تو میں پوری دنیا پر حکومت قائم کر سکتا ہوں۔

اسلامی جمہوریہ پاکستان کی پاک فوج کی حیثیت کشتی کے اُس ملاح کی سی ہے جو طوفانی لہروں میں اپنی حکمت عملی ، ثابت قدمی ، فرض شناسی اور بہادری سے کشتی کو صحیح سلامت کنارے لگاتا ہے ۔ طوفانی لہروں اور بھنور میں پھنسی کشتی اور اس کے مسافروں کو خیر و عافیت سے منزل مقصود تک لاتا ۔ اگر طوفانی لہروں اور بھنور میں ملاح گھبرا جائے اور اپنا حوصلہ ، طاقت کھود ے تو یقینا کشتی بے رحم لہروں کی نظر ہو کر ڈوب جائے گی اور کئی قیمتی جانیں ہمیشہ کے لیے دم توڑ دیں گی۔ پاک فوج کے جوان اس کشتی کو تھامے موسم کی سختیوں کا مقابلہ کرتے اپنی منزل کی طرف گامزن ہیں۔ ہماری فوج ہماری شان ، ہماری آن اور ہمارے جسم میں خون کی طرح ہے۔۔

فوج ہمارا یمان اور ہماری آن ہے، پاک فوج کے جوان حسن صدیقی نے بھارتی طیارے گراکر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ،ابھی تو صرف پاکستانی پائلٹ حسن صدیقی نے آسمان پر بھارت سے بات کی ہے زمین پر جواب دینے کیلئے مائیں، بہنیں ، بیٹیاں ،بچے، بوڑھے جوان بھی موجود ہیں کیونکہ ہر محب وطن پاکستانی پاک فوج کا ایک سپاہی ہے۔مودی سرکار کو بھی چاہئے کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور وہ اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائے کیونکہ مودی خو دکو چائے والا تو کہتا ہیں لیکن ان کے پائلٹ کو پاک فوج کے جوانوں نے چائے پلائی ہم بطور پاکستانی مودی کو کہتے ہیں کہ وہ آئیں اور چائے کی میز پر کشمیر سمیت تمام مسائل حل کریں، پاک فوج ایک ہی وقت میں کئی صلاحیتوں کی مالک ہے۔ پاک فوج پر اُنگلیاں اُٹھانے والو کبھی تم نے سوچا جب تم سرد راتوں میں گرم لحافوں کے مزے لوٹ رہے ہوتے ہو اور خواب غفلت میں پڑے پُرسکون نیند کے مزے لُوٹ رہے ہوتے ہو تو میری افواج پاکستان کے جوان سرحدوں پر اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہوتے ہیں اگروہ سوئے ہو تے تو حال ہی میں ابھی نند جیسا بھارتی پائلٹ گرفتار نہ ہوتا ، پاک فوج کے جوانوں نے نہ صرف بھارتی طیارہ مار گرایا بلکہ اُس پائلٹ کو باحفاظت واپس کر کے جرأت و بہادری کی ایک عظیم مثال پیش کی۔ ہماری فوج قابل تحسین ہیں، میں اپنے رب کریم کے جتنا شکر بجا لاوئںکم ہے اور مجھے فخر ہے کے میں پاکستان کی مقد س دھرتی پرسانس لے رہا ہوں اور میں سلام پیش کرتا ہوں اپنی بہادر ملک کی لخت جگر فوج کو۔

پاکستان زندہ باد پاک فوج پائندہ باد

Muhammad Tahir Tabassum

Muhammad Tahir Tabassum

تحریر : محمد طاہر تبسم درانی
03101072360