کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اور چین کی سرحدوں کی نگرانی کیلئے بھارت نے ڈرونز استعمال کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔ بھارت کی مرکزی حکومت نے چین کی لداخ کے ساتھ سرحد پر جاری سرگرمیوں کے مشاہدے کے بعد اپنی سرحدوں کی نگرانی کیلئے ڈرون استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
بغیر پائلٹ کے جاسوس طیارے چین اور پاکستان کے ساتھ سرحدوں کی نگرانی پر مامور کریں گے۔ بھارت نے چینی سرحد کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے جن میں ان علاقوں میں بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی کام کرانا ہیں۔ بھارت نے تبت سرحد پر پولیس کو فضائی مدد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارت صرف چینی سرحد کو ہی نہیں بلکہ پاکستانی سرحدوں کی نگرانی بھی جاسوس طیاروں سے کرے گا۔ ذرائع کے مطابق UAVs کا استعمال بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایئرونگ کو درست کرنے کی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔
حال ہی میں بی ایس ایف کے سربراہ ڈی.کے. پاٹھک نے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کو ایک پریزنٹیشن دی جس میں کہا گیا پیرا ملٹری فروسز کے فضائی ونگ کو مضبوط کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے چین کے ساتھ ملنے والے سرحدی علاقے ارونا چل میں ترقیاتی کاموں کے لئے 175 کروڑ دینے کا اعلان کیا۔