پاکستان (جیوڈیسک) پاکستان اور چین کی باہمی تجارت پندرہ ارب ڈالرسالانہ تک لانے کے اقدامات کئیجارہے ہیں،پاکستانی تاجر چین میں دستیاب کاروبار کے مواقع سے بھرپور استفادے کیلئے پرعزم ہیں۔ چین نے گوادر بندرگاہ کو اپنے جنوبی شہر کاشغر سے سڑک اور ریل کے ذریعے ملانے کیلئے اقدامات شروع کردیئے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت کو بڑھانے کیلئے خصوصی اقتصادی زون بھی قائم کئے گئے ہیں، دونوں ممالک کے مابین طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت کاشغر سے ایبٹ آباد تک 1300 کلومیٹر طویل شاہراہ قراقرم کو وسعت دے کر اپ گریڈ کیا جائے گا۔
تاریخی سلک روٹ پر ذرائع نقل و حرکت بہتر ہونے سے وقت اور وسائل کی بچت ممکن ہوسکے گی پاکستانی تاجر برادری بھی چین میں کاروبار کے دستیاب مواقع سے بھرپور استفادے کیلئے پرعزم ہے، چین اور پاکستان کے مابین فضائی، سڑک اور ریل رابطے فعال ہونے سے جہاں چین کو اپنی مصنوعات کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں آسانی ہوگی، وہیں پاکستان کیلئے بھی وسطی ایشیائی ریاستوں تک تجارت میں مدد ملے گی۔