راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک چین مشترکا عالمی فضائی مشق شاہین تھری ختم ہو گئی۔ پاک فضائیہ اور پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کی تین ہفتوں سے جاری اس مشق میں جدید لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا۔
پاک فضائیہ کے ڈپٹی ایئر چیف ایئر مارشل سہیل امان پاکستانی آپریشنل ایئر بیس پر ہونے والی پاک چین مشترکا فضائی مشق کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ چین کے میجر جنرل زہان ہوشن نے 6 رکنی وفد کے ہمراہ آخری دن کی پاک چین مشترکا فضائی مشق بھی دیکھی۔ اس موقع پر میجر جنرل زہان ہوشن نے کہا کہ وہ پاک فضائیہ کی جارحانہ صلاحیت، حوصلہ مندانہ جذبے اور تربیتی اصولوں سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مشترکا تربیت اختتام نہیں بلکہ آغاز ہے جو پاک چین دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گی۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق فضائی مشق شاہین تھری کا مقصد پاک چین فضائیہ کے درمیان غیر معمولی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔