راول پنڈی (جیوڈیسک) پاک بھارت ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا۔ پاکستان نے پانڈو سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ پر شدید احتجاج کیا اور سیز فائر کے معاہدے پر کاربند رہنے کا عزم بھی دہرایا۔ عسکری ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر پیش آئے واقعات پر پاک بھارت ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہواہے۔
پاکستانی ڈی جی ایم او نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور پانچ بھارتی فوجیوں کو ہلا ک کرنے کے الزام کی سختی سے تردید کی، اور گزشتہ روز پانڈو سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ پر شدید احتجاج کیا، پاک فوج کے ڈی جی ایم او نے یہ عزم دہرایا کہ پاکستان سیز فائر معاہدے پر کاربند ہے۔
گزشتہ روز پانڈو سیکٹر کے قریب کنٹرول لائن پر بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کی جس سے دو پاکستانی فوجی شدید زخمی ہو گئے، پانڈو سیکٹر میں فائرنگ کا واقعہ بھارت کے اس الزام کے بعد پیش آیا کہ پاکستانی فوج نے پونچھ سیکٹر اس کے پانچ فوجیوں کو ہلاک کیا ہے، پاکستانی دفترخارجہ اور فوجی حکام نے واضح طور پر کہا تھاکہ کنٹرول لائن پر فائرنگ کا کوئی تبادلہ نہیں ہوا۔
اس واقعے کو جواز بنا کر بھارتی جنتا پارٹی بھارتی پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات منسوخ کرانے کیلیے سرگرم ہوگئی ہے، یہ ملاقات آیندہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس پر متوقع ہے، ایک بھارتی اخبار کا کہنا ہے حالیہ کشیدگی کے باجود نواز شریف اور من موہن سنگھ کی ملاقات شیڈول کے مطابق ہو گی۔