اسلام آباد (جیوڈیسک) مولانا فضل الرحمان نے پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات میں تعطل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے بھارتی حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے گی تا کہ بات چیت کا عمل مثبت طریقے سے آگے بڑھ سکے۔
انہوں نے کہا پاک بھارت وزرائے اعظم کی 27 مئی کی ملاقات کے بعد مثبت اشارے ملے تھے تاہم دونوں ممالک کے درمیان ہونیوالے مذاکرات میں تعطل نے امن کی امیدوں کو سخت دھچکا پہنچایا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ بھارتی دانشوروں نے بھی وزیراعظم نریندرا مودی کی منفی سوچ سے اختلاف کیا ہے۔
بھارت کو مظلوم کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کا احترام کرنا ہوگا۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا چاہئیے۔