اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت تعلقات میں جمی برف پگھلنے کے اشارے مل رہے ہیں۔
ملتان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ او آئی سی کا اجلاس بلایا گیا جس کے دو حصے تھے، عمران خان نے او آئی سی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی اور ہم نے اسلامک فوبیا پرامت مسلمہ کی توجہ دلائی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر او آئی سی اجلاس میں بات ہوئی، فلسطین کے مسئلے پر بھی وزیراعظم نے توجہ دلائی کیوں کہ مشرق وسطی میں دیرپا امن کیلے فلسطین کا مسئلہ اہم ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اشارے مل رہے ہیں کہ پاک بھارت تعلقات میں برف پگھلے گی، مودی سرکار کی نئی کابینہ کے ساتھ بات چیت آگے بڑھنے کی امید ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال سے ہی پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشیدہ ہیں تاہم رواں سال 22 مئی کو شاہ محمود قریشی نے اُس وقت کی بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج سے کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقو پر ملاقات کی تھی۔
اب بھارتیہ جنتا پارٹی کی لوک سبھا انتخابات میں کامیابی کے بعد نئی کابینہ تشکیل پاچکی ہے اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سابق سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر کو سشما سوراج کی جگہ وزرات خارجہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔