دبئی (جیوڈیسک) پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز کے درمیان قانونی جنگ کی سماعت کے پہلے روز پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے دلائل پیش کیے۔
پاکستان کی جانب سے آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی میں دائر اپیل کی تین روزہ سماعت دبئی میں شروع ہو گئی۔
پاک بھارت کرکٹ سیریز پر قانونی جنگ کے سلسلے میں قائم کی گئی آئی سی سی کمیٹی میں پہلے روز کی سماعت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی بطور گواہ پیش ہوئے جبکہ بھارت کی جانب سے بورڈ کے سابق جنرل منیجر رتنا کر شیٹھی شریک ہوئے۔
آئی سی سی کی تین رکنی کمیٹی کی سربراہی مائیکل بیلوف کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پہلے روز کی سماعت کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے پاک بھارت معاہدے کی تفصیلات بتائیں۔
کمیٹی کی سماعت منگل کی صبح ساڑھے 9 بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔
دوسرے روز بھارت کی جانب سے مؤقف پیش کیا جائے گا۔
پاکستان اور بھارت کو 2015 سے 2023 تک 7 دو طرقہ ٹیسٹ سیریز کھیلنا تھیں لیکن بھارت کی جانب سے معاہدے کی پاسدری نہ ہونے کے باعث ایک بھی دو طرفہ سیریز نہ ہو سکی۔
دو طرفہ سیریز نہ ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بی سی سی آئی کے خلاف ہر جانے کا دعویٰ کیا تھا۔