پاک بھارت معطل شدہ تجارتی تعلقات بحال ہونے کا امکان پیدا ہو گیا

Pak-India, Trade Relations

Pak-India, Trade Relations

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان اوربھارت کے درمیان معطل شدہ تجارتی تعلقات بحال ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی آج بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے سمیت اکیس نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لے گی۔ حفیظ شیخ کے بعد حکومت نے وزیر خزانہ حماد اظہر کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا سربراہ بنادیا ہے اورحماد اظہر آج بطور وزیر خزانہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارت سے کپاس(روئی)کی درآمد کی اجازت کی سمری پیش کی جائے گی جب کہ بھارت سے چینی کی درآمد کی سمری بھی منظوری کیلئے پیش ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک 25-2020 پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پنک راک سالٹ کی جغرافیائی حقوق کی رجسٹریشن کیلئے سمری پیش ہوگی جبکہ وزیراعظم کے کم لاگت گھروں کی اسکیم کیلئے 2 ارب کی گرانٹ کی منظوری متوقع ہے۔

علاوہ ازیں پی آئی اے کی تنظیم نو کی سمری پیش کی جائے گی ذرائع کے مطابق وزارت پیٹرولیم کی ٹیکنیکل گرانٹ کی سمری کی منظوری متوقع ہے۔ اس کے علاوہ آج ای سی سی کے اجلاس میں پیش ہونے والی سمریوں میں کمیونٹی اسکولز، طلباء کے لیے اسکالرشپ سمیت وزارت تعلیم کی گرانٹس کی سمریاں شامل ہیں۔