اسلام آباد (جیوڈیسک) پاک بھارت کشیدگی کے باعث ملک بھر میں فضائی آپریشن رات 12 بجے تک معطل رہیں گے۔
اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور فیصل آباد کے ہوائی اڈوں سے پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں آج رات 12 بجے تک تمام فلائٹ آپریشن معطل رہیں گے۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی فلائٹ انکوائری کے مطابق ہوائی اڈے سے کوئی پرواز تاحال روانہ نہیں ہوئی اور دوپہر 12 بجے تک کوئی فلائٹ نہیں ہے۔
اسی طرح لاہور کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ، سیالکوٹ، کوئٹہ، ملتان اور فیصل آباد کے ہوائی اڈوں پر بھی فضائی آپریشن معطل ہے۔
دوسری جانب برطانوی حکومت نے پاکستان میں اپنے شہریوں کو سفری احتیاطی تدابیر کی ہدایت کردی اور انہیں کہا گیا ہے کہ برطانوی شہری پاکستان میں پُرہجوم ، عوامی مقامات اور تقریبات میں جانے سے گریز کریں۔
یاد رہے کہ بھارتی طیاروں نے پیر اور منگل کی درمیانی شپ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر ایمونیشن گرا کر فرار ہوئے جس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اگلے ہی روز پاک فضائیہ نے دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا۔